ہمارا مشن
ہماری ترجیح صرف تعلیم نہیں، تعلیم کے ذریعے انسان سازی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ادارے سے وابستہ ہر طالب علم اور طالبہ علم، ایمان، اخلاق، معاشرتی آداب اور عملی زندگی میں ایسی متوازن تربیت حاصل کرے جو اس کی شخصیت کا مستقل حصہ بن جائے۔ اسی مقصد کے تحت ہمارے ہاں تعلیم کو تربیت سے مربوط رکھا گیا ہے۔ تربیتی نصاب، علما کی نگرانی، باقاعدہ تربیتی نشستیں، عملی اصلاحی سرگرمیاں اور دعوتی ماحول ہمارے نظام کا بنیادی حصہ ہیں۔ طلبہ کو دعوت و اصلاح کی فکر سے وابستہ کرنے کے لیے ہفتہ وار دعوتی گشت اور دیگر تربیتی و عملی مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں، تاکہ سیکھی ہوئی بات زندگی میں نظر آئے۔ ہمارا عزم ہے کہ جو بچہ ہمارے ادارے میں داخل ہو، اس کے تعلیمی سفر کے ساتھ اس کی تربیت بھی مسلسل جاری رہے؛ تاکہ وہ صرف معلومات رکھنے والا طالب علم نہیں، بلکہ دین کو سمجھنے والا، اس پر عمل کرنے والا، حسنِ اخلاق سے آراستہ اور معاشرے کے لیے نافع انسان بن کر آگے بڑھے۔ ہم اسی فکر کو طلبہ و طالبات دونوں کے لیے اپنے تعلیمی نظام کی بنیاد سمجھتے ہیں:
علم ایسا جو عمل بنے،
تربیت ایسی جو کردار بنے،
اور کردار ایسا جو معاشرے میں خیر بنے